اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم ٹیکس ایمنسٹی سکیم پر 4 تقریریں کر چکے ہیں۔ باہر بچہ بچہ کہ رہا ہے وزیراعظم اور حکومت 'سلیکٹڈ' ہے، ایوان میں 'سلیکٹڈ' نہیں کہہ سکتے۔
قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم اور وزرا خود کتنا ٹیکس دیتے ہیں بتایا جائے۔ وزیراعظم اب تک ایمنسٹی سکیم پر 4 تقریریں کر چکے ہیں۔
شاہد خاقان نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی سے باہر بچہ بچہ وزیراعظم اور حکومت کو سلیکٹڈ کہہ رہے ہیں، لیکن ایوان میں سلیکٹڈ نہیں کہہ سکتے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنماوں کی جانب سے وزیراعظم کو بار بار سلیکٹڈ کہنے پر اس لفظ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ گذشتہ روز اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے پابندی کے باوجود سلیکٹڈ کہنے پر سپیکر نے یہ لفظ ایوان کی کارروائی سے حذف کروا دیا تھا۔ اس کے باوجود شاہد خاقان عباسی نے یہ لفظ اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران آج دوبارہ استعمال کر دیا۔