اسلام آباد: (دنیا نیوز) ن لیگ کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت احتساب عدالت کے جج کی ویڈیو اپنے طور پر چیک کروا چکی ہے، یہی وجہ ہے عمران خان نے یوٹرن لیتے ہوئے جج کا دفاع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جج ارشد ملک کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد نواز شریف کے خلاف فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں رہی، جج صاحب نے اعتراف کیا کہ یہ ان کی ہی ویڈیو ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جج نے رشوت دیئے جانے کا الزام لگایا، جج ایسا اعتراف کر لے تو فیصلہ مشکوک ہو جاتا ہے۔ آج احتساب کی حقیقت عوام کے سامنے آ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو سامنے آنے سے جج اور ججمنٹ دونوں ہی متنازع ہو گئے ہیں۔
اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت عدلیہ پر حملہ کر رہی ہے۔ مسلم لیگ ن نہیں چاہتی عمران خان کی نالائقیاں عوام کے کھاتے میں پڑیں۔