لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ میرے ہموطنو، آپ کے ووٹ سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیر اعظم گرفتار ہوگیا، جو آپ کے ووٹ سے آئے گا، کیا یہی لا قانونیت، توہین اور ناانصافی اس کا مقدر بنے گی؟
یاد رے قومی احتساب بیورو نے پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹول پلازے کے قریب سے گرفتار کیا۔ نیب راولپنڈی اور لاہور نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شاہد خاقان کو ٹھوکر نیاز بیگ ٹول پلازہ کے قریب سے حراست میں لیا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان، شہباز شریف کیساتھ پریس کانفرنس کیلئے لاہور آ رہے تھے۔
نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ گرفتاری گزشتہ روز جاری ہوئے، شاہد خاقان کا احتساب عدالت سے راہداری ریمانڈ لیا جائے گا، انہیں راہداری ریمانڈ کے بعد اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔ نیب حکام نے شاہد خاقان عباسی کو 4 بار طلب کیا تھا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔