کراچی: (دنیا نیوز) مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے وزیراعظم عمران خان کی واشنگٹن تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے خود اپنا دورہ امریکا سبوتاز کر لیا، جہاں انھیں قومی اتحاد کا پیغام دینا چاہیے تھا، وہاں تقسیم کی بات کی۔
مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو یہ احساس تک نہیں کہ کس بات سے ملک کا وقار بڑھے گا اور کس سے رسوائی ہوگی۔ واشنگٹن میں کھڑے ہو کر سیاسی مخالفین کو جیلوں میں رکھنے اے سی اور ٹی وی اتارنے کا کیا مطلب؟
ان کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر عمران خان نے ثابت کر دیا ہے کہ وزیراعظم کے منصب کے قابل نہیں ہیں، انہوں نے منتخب وزیراعظم کے نہیں آمر کے لہجے میں بات کی، خان صاحب کے ایک ایک جملے سے انتقام کی بو آ رہی تھی۔