لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے غیر قانونی ٹھیکے دینے کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے سابق وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان کو مزید چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈپر جیل بھجوا دیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
احتساب عدالت کے جج چودھری امیر محمد خان نے چنیوٹ مائنز اینڈ منرلز سکینڈل کیس کی سماعت کی۔ تحریک انصاف کے ایم پی اے سبطین خان کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالتی حکم پر ملزموں کی حاضری مکمل کی گئی۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس کی انکوائری رپورٹ چیئرمین نیب کو پیش کر دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ نیب کا الزام ہے کہ سبطین خان نے چنیوٹ میں اربوں روپے مالیت کے آئرن کا غیر قانونی ٹھیکہ دیا ہے۔
سماعت کے بعد سبطین خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میرے اوپر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، پہلے بھی سرخرو ہوا تھا اب بھی سرخرو ہوں گا۔
عدالت نے سبطین خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 31 جولائی تک توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر نیب سے انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔