آشیانہ سکینڈل: شہباز شریف کی طبی بنیادوں پر حاضری معافی کی درخواست منظور

Last Updated On 13 July,2019 02:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں شہباز شریف کی طبی بنیادوں پر حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ وکلاء ہڑتال کے باعث نیب کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ نہ ہوسکے۔

احتساب عدالت کے جج نعیم ارشد نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکیم ریفرنس کی سماعت کے آغاز پر ملزمان کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ ریفرنس پر ہفتے میں 2 بار سماعت کی جا رہی ہے، کیا اس کیس کی جلد کارروائی کی کوئی ہدایات ملی ہیں ؟ اگر اس کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جانا ہے تو بھی بتایا جائے ہم تعاون کریں گے۔

نیب کے وکیل وارث جنجوعہ نے اعتراض اٹھایا کہ عدالت میں نیب آرڈیننس کی دفعہ 16 کے تحت کارروائی ہو رہی ہے یہ کوئی غیر قانونی عمل نہیں ہے۔ دوران سماعت جج نے ریماکس دئیے کہ پتہ نہیں عدالت نے کونسا جرم کر دیا ہے کہ ایک ہفتے میں 2 بار کیس کی سماعت ہو گئی ہے۔

ملزمان کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان بار کونسل نے آج ہڑتال کا اعلان کیا ہے، ہم کیس میں کارروائی مزید آگے نہیں بڑھا سکتے۔ شہباز شریف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کمر دور میں مبتلا ہیں ملزم شہباز شریف کی طبی بنیادوں پر حاضری معاف کی جائے۔ عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔

عدالت نے احد چیمہ، فواد حسن فواد اور دیگر ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 جولائی تک توسیع کر دی۔ عدالت کا شہباز شریف کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا اور ریفرنس پر مزید کاروائی 24 جولائی تک ملتوی کر دی۔