کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر سندھ برائے توانائی امتیاز شیخ کے خلاف نیب نے انکوائری کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق امتیاز شیخ نے ضلع کورنگی دیہہ دی میں تیس ایکٹر کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی۔
نیب ذرائع کے مطابق امتیاز شیخ نے الاٹمنٹ این سی پلاٹ نمبر چوبیس پر کی۔ ان پر بورڈ آف ریونیو کے اعلیٰ افسران کی مدد سے سرکار کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
امتیاز شیخ کے خلاف نیب کو درخواست موصول ہوئی تھی۔ درخواست گزار کے مطابق امتیاز شیخ نے بورڈ آف ریونیو کے افسران کے ساتھ مل کر تیس ایکڑ کی الاٹمنٹ کی۔ امتیاز شیخ کے خلاف غیر قانونی قبضے سے متعلق دو ہزار پانچ میں اینٹی کرپشن میں مقدمہ بھی درج کروایا گیا تھا۔