اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو چیلنج کیا ہے کہ وہ اپنا وعدہ پورا کریں اور لندن کی عدالت لے کر جائیں، میں ایک ایک ٹی ٹی پیش کروں گا کہ کس طرح پیسہ تھیلوں میں باہر جاتا رہا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شہزاد اکبر نے اس حوالے سے رسیدیں بھی دکھائیں اور کہا کہ منی لانڈرنگ کی ساری کہانیاں سامنے آ چکی ہیں۔ حمزہ اور سلمان شہباز کے پچانوے فیصد اثاثے جعلی ٹی ٹیز کے ذریعے بنے۔ چوری کے پیسے سے بنایا گیا مال قانون کے مطابق ضبط ہوگا۔
بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ گزشتہ روز برطانوی جریدے میں شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کا انکشاف ہوا، سٹوری کے جواب میں الیکشن کمپین کے دوران پرانی فوٹو کو دکھایا گیا، مجھ پر سٹوری کا الزام لگایا جا رہا ہے، جھوٹ بولنے کی بھی کوئی حد ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں باقی جعلی کمپنیوں کے بارے بھی بتاؤنگا۔ لوٹا ہوا مال آنے والے دنوں میں برآمد ہوگا اور چوری کے پیسے سے بنایا گیا مال اور گھر ضبط ہونگے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ٹی ٹیز کی داستانیں تفصیل سے بیان ہو چکی ہیں۔ منظور پاپڑ والے نے شہباز شریف کے صاحبزادوں کو رقم بھیجی۔ اس معاملے میں شریف خاندان کی طرف سے کوئی جواب نہیں آتا۔ اس کیس میں حمزہ زیر حراست جبکہ سلیمان شہباز مفرور ہیں۔ اثاثوں کی چھان بین کی گئی تو مزید ثبوت سامنے آئیں گے
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز شہباز شریف نے میرے اور برطانوی رپورٹر کیخلاف ہتک عزت کا بڑا دعویٰ کیا، خدارا اس دعوے کو آصف زرداری کی طرح سڑکوں پر گھسیٹنے والا نہیں کرنا، آپ کی مہربانی ہوگی میرے خلاف لندن میں کیس کریں، میں آپ کی ایک ٹی ٹیز عدالت میں پیش کرونگا۔