لاہور: (دنیا نیوز) چھوٹے گراؤنڈ کے بڑے فٹبال مقابلوں کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے کیمپ کا پہلا مرحلہ لاہور میں ختم ہو گیا، کھلاڑی ٹائٹل جیتنے کے لیے پرجوش نظر آئے۔
دوسرے سمال سائیڈڈ فٹبال ورلڈ کپ کی تیاری، لاہور میں پاکستان فٹبال ٹیم کی فلڈ لائٹ ٹریننگ، سوکا ورلڈکپ یونان میں بارہ سے بیس اکتوبر تک کھیلا جائے گا جس کی تیاریوں اور بھاگ دوڑ میں خوب پسینہ بہایا گیا، کھلاڑیوں نے گول کرنے، دھاک بٹھانے کے نئے گر بھی سیکھے۔
کوچ گوہرزمان سمیت قومی کھلاڑی ٹریننگ سے مطمئن، کہتے ہیں فٹنس اور ٹیکنیکس پر بھرپور کام کیا۔ زندہ دلان کے شہر فٹبال کیمپ کا پہلا مرحلہ ختم ہو گیا، اب کھلاڑی ستائیس ستمبر سے نو اکتوبر تک کراچی میں اِن ایکشن ہوں گے، آئندہ کیمپ کی نگرانی برطانوی کوچ کیون ریویز کریں گے۔