شنگھائی: (ویب ڈیسک) شنگھائی ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں جرمن الیگزینڈر زویرو، روسی کیرن کچانوف، امریکی جان اسنر اور یونانی سٹیفانوس نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں جاری شنگھائی ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مینز سنگلز رائونڈ 32 میچز میں جرمنی کے الیگزینڈر زویرو نے اعصاب شکن میچ کے بعد فرانسیسی جریمی شارڈے کو 7-6، (5-13)، 7-6(7-3) سے ہرا کر ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
روسی کیرن کچانوف نے حریف امریکی کھلاڑی ٹیلر فریٹز کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-4 سے پچھاڑا، امریکی جان اسنر نے مد مقابل فرانسیسی کھلاڑی لیوکاس پائولی کو 7-5 اور 6-3 سے مات دی۔
ایونٹ میں جاری ایک اور میچ میں یونانی کھلاڑی سٹیفانوس نے کینیڈین حریف کھلاڑی فیلیکس ایگر کو 7-6(7-3) اور 7-6(7-3) سے زیر کر کے ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
دوسری طرف رابرٹ فاراح اور ہم وطن جوڑی دار جان سباسٹین پر مشتمل کولمبین ٹاپ سیڈڈ جوڑی مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔ پری کوارٹر فائنل رائونڈ میچ میں جان اسنر اور ثام قیوری پر مشتمل امریکی جوڑی کو شکست دیکر ایونٹ سے باہر کر دیا۔
چین میں اے ٹی پی ایونٹ میں کھیلے گئے مینز ڈبلز پری کوارٹر فائنل رائونڈ میچ ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ کولمبین جوڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جان اسنر اور ثام قیوری پر مشتمل حریف امریکی جوڑی کو سٹریٹ سیٹس میں 6-0 اور 6-4 سے ہرا کر ایونٹ کے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا جہاں انکا مقابلہ جمعرات کو برازیلی برونو سواریز اور انکے کروشین جوڑی دار میٹ پاویک سے ہوگا۔