چینی ترانے پر ناراضگی، فیفا کا ہانگ کانگ فٹبال فیڈریشن کو بڑا جرمانہ

Last Updated On 10 October,2019 06:21 pm

تہران: (ویب ڈیسک) فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) نے ایران کیخلاف ورلڈکپ کوالیفائر میچ کے دوران چینی قومی ترانے پر ناراضی کا اظہار کرنے پر ہانگ کانگ فٹبال فیڈریشن پر 15100 امریکی ڈالر جرمانہ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’الجزیرہ‘‘ کے مطابق فیفا کی ڈسپلنری کمیشن نے ہانگ کانگ کے شائقین کی جانب سے چینی ترانے کے دوران اونچی آواز میں شور شرابا کرنے اور ناراضگی کو نامناسب قرار دیا اور ان پر 15 ہزار سوئس فرینک (13 ہزار 700 یورو اور 15100 امریکی ڈالر) جرمانہ عائد کردیا۔

یاد رہے کہ ایران کیخلاف میچ میں ہانگ کانگ نے اپنی ٹیم میدان میں اتاری تھی لیکن چین سے منسلک ہونے کے باعث میچ سے قبل چین کا ہی قومی ترانہ بجایا گیا تھا۔ جب اس دوران ہانگ کانگ کے شائقین نے آزادی کے بینر بھی تھام رکھے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: 40 سال بعد ایرانی خواتین کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت مل گئی

ہانگ کانگ میں چین کے خلاف جاری احتجاج کے دوران 10 ستمبر کو ایران کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میچ کھیلا گیا تھا جہاں میدان میں موجود شائقین نے شور شرابہ کیا تھا۔ ایران نے یہ میچ میں باآسانی 0-2 سے جیت لیا تھا۔

ورلڈ کپ کوالیفائر کے ایشیا زون کے گروپ سی میں ہانگ کانگ کی پوزیشن تیسری ہے اور ان کا اگلا میچ 14 نومبر کو بحرین کے خلاف ہانگ کانگ میں ہی ہو گا۔

 

علاوہ ازیں فیفا نے ملائیشیا کے خلاف میچ کے دوران شائقین کی مداخلت پر انڈونیشیا کی فٹ بال فیڈریشن پر بھی 45 ہزار سوئس فرینک (45 ہزار 300 امریکی ڈالر) جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

شائقین کی غیر ضروری مداخلت پر میچ کے دوسرے ہاف میں کھیل کو کافی دیر روکنا پڑا تھا تاہم ملائیشیا نے میچ اعصاب شکن میچ میں 2-3 سے فتح کو گلے لگایا۔

واضح رہے کہ فیفا نے سیرالیون کی ٹیم پربھی سائبیریا کے خلاف میچ میں اسی طرح کی صورت حال پر گزشتہ ماہ 50 ہزار سوئس فرینک (50250 امریکی ڈالر) جرمانہ عائد کرتے ہوئے خالی میدان میں میچ کھیلنے کا حکم دیا تھا۔

سیرالیون اس میچ کے بعد ورلڈ کپ کوالیفائر سے باہر ہوگئی تھی اور افریقہ کپ آف نیشنز 2021 کے لیے بھی کوالیفائنگ میچ کھیلنے کی سزا دی گئی تھی۔ سوڈان کے تماشائیوں کو چاڈ کے خلاف میچ کے دوران میدان میں داخلے پر 30 ہزار سوئس فرینک (30150 امریکی ڈالر) جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔