اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے دھرنے کے باعث پاکستان ٹینس ایونٹ کی میزبانی سے محروم ہو گیا، انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے کہا ہے کہ پاکستان نیوٹرل وینیو کا انتخاب کرے۔
پاکستان سیاسی بھونچال اور سیکورٹی کی خراب صورتحال کے سبب رواں ماہ ہونے والے پاک بھارت میچز نہیں کروا سکے گا، پاک بھارت میچ 29 اور 30 نومبر کو اسلام آباد میں ہونا تھے۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن حکام نے کہا ہے کہ میزبانی سے محروم پاکستان نیوٹرل وینیو کا انتخاب کرے، انہوں نے کہا کہ ٹینس کھلاڑی اور تماشائیوں کو مکمل تحفظ دینا چاہتے ہیں۔
پاکستان آمد پر مشکل سے رضامند ہونے والے بھارتی ٹینس حکام نے ویزہ درخواستیں دینے کے بجائے عالمی باڈی کو چٹھی لکھ دی جس پر انتہائی فیصلہ کر دیا گیا۔