نئی تاریخ رقم، ارشد ندیم ٹوکیو اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنیوالے واحد پاکستانی اتھلیٹ

Last Updated On 07 December,2019 10:47 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے لیے کھیل کے میدان سے اچھی خبر آئی ہے، ساتھ ایشین گیمز میں قومی اتھلیٹ ارشد ندیم نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے براہ راست ٹوکیو اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے والے واحد پاکستانی اتھلیٹ بن گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں جاری ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان کے محمد ارشد ندیم نے جیولین تھرو کے مقابلوں میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 86.23میٹر دُور تھرو کرکے ایشین اور نیشنل گیمز میں نیا ریکارڈ بنالیا ہے۔

اس سے قبل جویلین تھرو میں سب سے زیادہ دور تک پھینکنے کا ریکارڈ بھارت کے پاس تھا جو 83.23میٹر کا تھا۔

مقابلے میں بھارت کے شیوپال سنگھ 84.16 میٹر کے ساتھ دوسرے پر رہے اور اپنے ملک کے لیے ریکارڈ بہتر کردیا جبکہ سری لنکا کے سمیدھا جگتھ 74.79 میٹر کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

ارشد ندیم نے سونے کا تمغہ جیتنے کے ساتھ ساتھ 2020 میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کے لیے بھی براہ راست کوالیفائی کر لیا اور اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے والے پاکستان کی تاریخ کے پہلے ایتھلیٹ بن گئے۔

قانون کے تحت 100میٹر کی ریس میں 10سیکنڈز کے اندر فاصلہ طے کرنے والی براہ راست اولمپکس میں جگہ بنا لیتے ہیں جبکہ اسی طرح جیولین تھرو میں 85میٹر کی حد مقرر ہے اور اس کے اندر فاصلہ طے کرنے والے براہ راست اولمپکس میں شرکت کے اہل ہوتے ہیں۔

اس سے قبل ہاکی کے سوا تمام کھیلوں میں پاکستان کے ایتھلیٹ وائلڈ کارڈ کی بنیاد پر ہی اولمپکس میں شرکت کر پاتے تھے۔

ارشد ندیم نے طلائی تمغہ جیتنے اور اولمپکس میں براہ راست جگہ بنانے پر کوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اچھی تیاری کا موقع ملا تو وہ اولمپکس میں پاکستان کے لیے میڈل لاسکتے ہیں۔ ایونٹ میں ریسلنگ کے چاروں مقابلوں میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان نے سیمی فائنل میں بھی جگہ پکی کرلی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اب تک ساؤتھ ایشین گیمز میں سونے کے 24 تمغے جیت چکا ہے۔