پیرمحل: (دنیا نیوز) پیرمحل میں بارہویں سالانہ آل پاکستان ماسٹر جاوید اقبال میموریل بیل گاڑی دوڑ ٹورنامنٹ کے منفرد مقابلے منعقد ہوئے، فخر ٹوبہ اور چھینا جوڑی پہلے نمبر پر رہی۔
پیرمحل بائی پاس کے قریب بارہویں سالانہ آل پاکستان ماسٹر جاوید اقبال میموریل بیل گاڑی دوڑ ٹورنامنٹ کے منفرد مقابلے منعقد ہوئے جن میں بیلوں پنجاب بھر کے مختلف اضلاع سے اعلیٰ نسل کے 200 قریب بیلوں اور انکے مالکان نے شرکت کی۔ ان مقابلوں کو دیکھنے کے لئے پنجاب بھر سے شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی اس دوران علاقے میں جشن کا سماں تھا۔ لوگ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے۔
فائنل دوڑ کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی حاجی جنید انوار چوہدری، سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری خالد سردار، چوہدری اسجد بھولا، سیٹھ بوٹا، رانا محمد شفیق خاں، سابق ناظم چوہدری تنویر احمد، چوہدری اصغر تھے۔
فائنل مقابلے میں چوہدری عبدالسلام اور میاں نزاکت کی بیل جوڑی فخر ٹوبہ اور چھینا نے اول پوزیشن حاصل کی جبکہ حاجی سردار محمد ڈوگر اور چوہدری مقصود احمد کی بیل جوڑی لاکھا اور کتوبر نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ حاجی شبیر اور میاں اختر کی بیل جوڑی گھوڑا اور انڈا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پہلے نمبر پر آنے والے بیلوں کی جوڑی کو 30 ہزار روپے نقد، دوسرے نمبر پر آنے والے بیلوں کو 25 ہزار روپے، تیسرے نمبر پر آنے والے بیلوں کو 15 ہزار نقد رقم دی گئی۔ کامیاب بیلوں کے مالکان میں رکن قومی اسمبلی حاجی جنید انوار چوہدری و دیگر نے نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔
بیل کے مالک افتخار نے کہا کہ ان کے بیل ہر سال ان مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں کیونکہ یہ زمینداروں کا خالص دیسی کھیل ہے۔ ہمارے آباؤ اجداد بھارت سے ہجرت کر کے یہاں آئے تھے اور وہ وہاں بھی بیل گاڑی کے مقابلوں میں حصہ لیتے تھے۔
اس ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر عاصم جاوید نے کہا کہ وہ گزشتہ بارہ سالوں سے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کر رہے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں پنجاب بھر سے دو سو کے قریب بیل حصہ لیتے ہیں اور مستقبل میں بھی اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کرتے رہیں گے۔