کراچی: (دنیا نیوز) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پیسہ پانی کی طرح بہایا، پاکستان میں کھیل کے فروغ کے لئے گول پروجیکٹس کی منظوری دی لیکن کراچی میں فیفا گول پروجیکٹ 11 سال گزر جانے کے بعد بھی آباد نہ ہوا۔
کراچی ہاکس بے کی ساحلی پٹی پر واقع فیفا گول پروجیکٹ کی یہ خوبصورت بلڈنگ دور سے ہی اپنی بدقسمتی کی کہانی سناتی نظر آتی ہے۔ دس ایکٹر پر مشتمل منصوبے کے لئے فیفا نے مختلف ادوار میں کروڑوں روپے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو دئیے جس سے عمارت تو بنی لیکن گراونڈ آباد نہ ہو سکا۔
رہائشی کمرے، کانفرنس روم، ڈائنگ ہال، کچن سمیت پلے گراونڈ کے اس پروجیکٹ میں نہ بجلی ہے اور نہ ہی گیس و پانی، فیفا نے اس کی منظوری 2006 میں دی اور کام 2009 میں شروع ہوا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چئیرمین حمزہ خان نے پچھلی فیڈریشن کی نا اہلی کو اس کا ذمہ دار قرار دیا۔
بلڈنگ میں ٹائلز اپنے جگہ چھوڑنے لگے، بیرونی دیوار بھی بارشوں کے باعث ٹوٹ گئی، فیفا نے اب تک 5 لاکھ ڈالرز سے زائد رقم اس پروجیکٹ پر لگا دی ہے۔