نیویارک: (دنیا نیوز) یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں سرینا ولیمز کو شکست، بیلا روس کی ٹینس سٹار وکٹوریہ آزارینکا نے امریکی کھلاڑی کو آؤٹ کلاس کردیا، آزارینکا اور جاپان کی ناؤمی اوساکا میں فائنل میچ ہوگا۔
وکٹوریہ آزارینکا نے اپنی امریکی حریف سرینا ولیمز کو ایک چھ، چھ تین اور چھ تین سے شکست دی۔ سرینا ولیمز نے تیسرے سیٹ کے دوران اپنے ٹرینر سے ٹخنے میں درد کی شکایت کی جو برقرار رہی۔
خیال رہے کہ دو مرتبہ آسٹریلین اوپن کی چیمپئن بننے والی کھلاڑی وکٹوریہ آزارینکا 2013ء کے بعد اپنے پہلے گرینڈ سلیم کے سیمی فائنل تک پہنچی تھیں۔
اس سے قبل نیویارک سٹی کے بلیو کورٹ میں ویمن سنگلز کے کوارٹرز فائنل میں سرینا ولیمز اور بلغاریہ کی سیویتانا پیرونکوواد مقابل ہوئی تھیں۔ توقع کے برعکس غیر معروف کھلاڑی نے سابق عالمی نمبر ایک کو پہلا سیٹ چھ چار سے ہرا دیا تھا۔
تاہم تجربہ کار سرینا ولیمز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے دونوں سیٹ بالترتیب چھ تین اور چھ دو سے اپنے نام کیے اور سیمی فائنل میں سیٹ پکی کی۔
دوسرے میچ میں بیلا روس کی وکٹوریہ آزارینکا کا بیلجیئن حریف الائزے مرٹنز سے جوڑ پڑا۔ وکٹوریہ ازارینکا نے زور بازو دکھاتے ہوئے رینکنگ میں بہتر کھلاڑی کو چھ ایک سے ہرا کر غرور خاک کیا۔
اسی جذبے سے انہوں نے جاری رکھتے ہوئے دوسرا سیٹ چھ صفر سے جیت کر فیورٹ کھلاڑی کو آؤٹ کر دیا۔ سیمی فائنل جیتنے کا بعد اب ان کا مقابلہ ہفتے کے روز یو ایس اوپن کے فائنل میں جاپانی کھلاڑی ناؤمی اوساکا سے ہوگا۔