روم: (دنیا نیوز) اٹالین اوپن میں رومانیہ کی سیمونا ہیلپ نے دفاعی چیمپئن کیرولینا پلیسکووا کو اعزاز سے محروم کر دیا، انجری کا شکار کھلاڑی میچ جاری نہ رکھ سکیں، مردوں کے فائنل میں عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ نے ارجنٹائنی حریف کو جیت لیا۔
اطالوی کلے کورٹ پر اٹالین اوپن کے ٹائٹل مقابلے، ویمن سنگلز میں سیمونا ہیلپ اور انجری کا شکار کیرولینا پلیسکووا مدمقابل ہوئیں، ٹاپ سیڈ سیمونا ہیلپ نے فائنل مقابلے کو یکطرفہ بناتے ہوئے چھ صفر سے پہلا سیٹ جیتا۔ دوسرے سیٹ کے آغاز میں ہی دفاعی چیمپئن کیرولینا پلیسکووا ریٹائرڈ ہوگئیں، رومانیہ کی سیمونا ہیلپ نے ٹائٹل جیت لیا۔
نمبر ون نواک جوکووچ اور ارجنٹائن کے ڈیگو چوارٹزمین کا مقابلہ ہوا، تجربہ کار جوکووچ نے برتری دکھاتے ہوئے پہلا سیٹ سات پانچ سے جیتا۔ اسی نفسیاتی سبقت کو برقرار رکھتے ہوئے دوسرا سیٹ چھ تین سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ کورونا ایس اوپیز کے باعث محدود شائقین نے مقابلوں کو انجوائے کیا۔