فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ، رافیل نڈال تیرہویں بار چیمپئن بن گئے

Published On 11 October,2020 09:40 pm

پیرس: (دنیا نیوز) رافیل نڈال تیرہویں بار فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے چیمپئن بن گئے ہیں۔ انہوں نے فائنل میں جوکووچ کو شکست سے دوچار کرکے راجر فیڈرر کا 20 گرینڈ سلیم جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔

رافیل نڈال نے فائنل میں نوواک جوکووچ کی ایک نہ چلنے دی۔ انہوں نے سربین مد مقابل کو چھ صفر، چھ دو اور سات پانچ سے شکست دی۔ سپینش سٹار نے کیریئر کا تیرہواں فرنچ اوپن اپنے نام کیا ہے۔ اس جیت کےساتھ انہوں نے سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کا بیس گرینڈ سلیم جیتنے کا عالمی ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔

دونوں ورلڈ کلاس کھلاڑیوں کے درمیان فرنچ اوپن ٹینس کا یہ فائنل میچ 2 گھنٹے اور 41 منٹ تک جاری رہا۔ اپنی فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رافیل نیڈال کا کہنا تھا کہ یہ جیت میرے لئے سب کچھ ہے۔ یقین مانیں کہ میرے ذہن میں بالکل نہیں تھا کہ میں یہ میچ جیت کر راجر فیڈرر کا ریکارڈ برابر کر دوں گا۔

رافیل نیڈال کا کہنا تھا کہ میرے لئے اس میدان میں جیتنا بہت اہمیت رکھتا ہے۔ میں نے اپنی زندگی کے سب سے بہترین لمحات اس جگہ گزارے ہیں۔ خیال رہے کہ نیڈال رولینڈ گیروز میں 100 میچ جیتنے والے پہلے کھلاڑی ہیں، ان کے علاوہ یہ اعزاز کسی اور کے پاس نہیں ہے۔