لزبن: (دنیا نیوز) پرتگال سے تعلق رکھنے والے دنیائے فٹبال کے مایہ ناز کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انھیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
پرتگال فٹبال فیڈریشن نے کرسٹیانو رونالڈو میں کورونا کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انھیں سوئیڈن کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کے سکواڈ سے الگ کرتے ہوئے آئسولیشن میں منتقل کر دیا گیا۔
فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تاہم ان میں وبائی مرض کی کوئی علامات نہیں ہیں۔ اس کے باوجود احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے انھیں قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔ رونالڈو کے علاوہ ٹیم کے کسی اور کھلاڑی میں کورونا کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ ٹیم کے باقی تمام کھلاڑی اور آفیشل بدھ کے روز سویڈن کیخلاف میچ میں پرتگال کی نمائندگی کریں گے۔
Unidos dentro e fora do campo! #todosportugal pic.twitter.com/4bQSUIPm2m
— Cristiano Ronaldo (@Cristiano) October 12, 2020
خیال رہے کہ گزشتہ روز کرسٹیانو رونالڈو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک تصویر پوسٹ کی تھی جس میں وہ ایک ہوٹل میں ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کیساتھ کھانے کی ٹیبل پر بیٹھے نظر آ رہے ہیں۔ رونالڈو نے پرتگالی زبان میں لکھی تحریر میں کہا کہ ‘’ میدان کے اندر اور باہر متحد’’۔
خیال رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے اس سے قبل لزبن کے میدان میں سپین اور فرانس کی ٹیموں کے خلاف کھیلے گئے میچوں میں پرتگال کی نمائندگی کی تھی۔