ویانا: (دنیا نیوز) عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار نواک جوکووچ کی ویانا اوپن میں سنسنی خیز انٹری، ہم وطن سربین سٹار جینووِک کو سخت مقابلے کے بعد ہرا دیا۔
سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ اور میزبان ٹینس سٹار اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ ڈومینک تھیم ویانا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے پری کوارٹرز فائنل میں پہنچ گئے جبکہ روس کے کیرن خچانوف رائونڈ 32 کے میچ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔
آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں جاری اے ٹی پی ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز راؤنڈ 32 میچ میں سربیا کے ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ہم وطن ٹینس سٹار فلپ کریجینوویک کو ٹائی بریک پر 6-7(6-8) اور 3-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے پری کوارٹرز فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
33 سالہ سرب ٹینس سٹار نوویک جوکووچ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ 2011ء، 2012ء، 2014ء، 2015ء اور 2018ء میں پانچ مرتبہ سیزن کے اختتام پر سرفہرست کھلاڑی رہے ہیں۔
ایک اور میچ میں آسٹریا کے ڈومینک تھیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوکرین کے حریف کھلاڑی ویٹالی ساچکو کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 5-7 سے شکست دیکر پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔