مقابلے کے دوران باکسر اسلم خان کی ہلاکت، سندھ حکومت نے نوٹس لے لیا

Published On 01 February,2021 04:27 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے ایک مقابلے کے دوران باکسر اسلم خان کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ایونٹ منتظمین کیخلاف کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ شہر میں تمام غیر قانونی کھیل بند کر دیے جائیں۔ مشیر کھیل سندھ بنگل خان مہر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ باکسر اسلم کی ہلاکت کے بعد شہر میں ہونیوالے تمام غیرقانونی کھیل بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں کہ شہر میں کس کی اجازت سے غیر قانونی طور پر مقابلے ہو رہے ہیں؟ واقعہ ٹارگٹڈ مرڈر ہے یا حادثہ؟، انکوائری کی جائے گی۔

ادھر باکسر اسلم خان کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں پشین میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں ضلعی انتظامیہ سمیت سیاسی اور سماجی افراد نے بھی شرکت کی۔

باکسر اسلم خان گزشتہ روز کراچی میں فائٹ کے دوران سر پر چھوٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔ اسلم خان کے پسماندگان میں والدہ، دو چھوٹے بھائی، دو بیٹیاں اور بیوہ شامل ہے۔

لیجںڈ باکسر عامر خان نے کراچی میں باکسر کے انتقال پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقابلے کے دوران تمام حفاظتی اقدامات کرنے چاہیے تھے، موقع پر میڈیکل سٹاف ہونا چاہیے تھا۔ دونوں باکسر کا ہم وزن ہونا ضروری ہے، ہلاک ہونے والے باکسر اسلم کا حریف اس سے بڑا تھا۔
 

Advertisement