فٹبال ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مقابلے چین سے دبئی منتقل

Published On 31 May,2021 11:00 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) چین میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ میچز دبئی منتقل کر دیے گئے ہیں۔ یہ اقدام مالدیپ اور شام کے کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے وائس اف امریکا کے مطابق کوپا امریکا فٹبال ٹورنامنٹ بھی کورونا وائرس کے ریکارڈ کیس سامنے آنے کے بعد معطل کیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ارجنٹائن کی میزبانی میں ہونا تھا۔

چین کی فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مالدیپ اور شام کی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آںے کے بعد فٹبال ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مقابلے دبئی منتقل کیے جا رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ ٹیموں کے تمام کھلاڑیوں کو اب آئسولیٹ کر دیا جائے گا۔ یہ ٹیمیں طے شدہ شیڈول کے مطابق مقابلوں میں شریک نہیں ہو سکیں گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایشین فٹبال کنفیڈریشن کی سفارشات کے تحت چینی فٹبال ایسوسی ایشن نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی ہے کہ فٹبال ورلڈ کپ کے آئندہ کوالیفائنگ مقابلے سوزہاؤ سے دبئی منتقل کر دیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ یہ مقابلے آئندہ 15 روز کے دوران محفوظ چینی شہر سوزہاؤ میں منعقد ہونا تھے۔
 

Advertisement