شمالی کوریا فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ سے دستبردار ہو گیا

Published On 19 May,2021 08:48 pm

پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا نے فٹبال ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔ ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کورین فٹبال ٹیم کے اس فیصلے کی ابھی تک کوئی وجوہات بیان نہیں کی گئی ہیں لیکن بظٓاہر اس کی وجہ کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات نظر آتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل شمالی کوریا نے کہا تھا کہ اس کے کھلاڑی کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ ٹوکیو المپکس میں شرکت نہیں کریں گے۔

یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ شمالی کوریا نے کورونا وائرس سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے اپنی سرحدوں کو تمام دنیا کیلئے ایک سال سے زائد عرصہ کیلئے بند کر دیا تھا۔

دوسری جانب کورونا وائرس کی وجہ سے فٹبال ورلڈ کپ کیلئے ایشیائی ٹیموں کے ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کا بیشتر حصہ بھی جون تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔