برطانیہ: سینکڑوں شائقین کا فٹبال گراؤنڈ پر دھاوا، مانچسٹر یونائیٹڈ اور لیورپول کا میچ ملتوی

Published On 03 May,2021 08:42 pm

اولڈ ٹریفورڈ: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں جاری فٹبال ایونٹ کے دوران اس وقت عجیب صورتحال پیدا ہو گئی جب سینکڑوں کی تعداد میں شائقین میدان میں کود پڑے اور شدید احتجاج اور نعرہ بازی شروع کر دی۔

امریکی خبر رساں ادارے وائس آف امریکا اردو میں چھپنے والی خبر کے مطابق یہ لوگ دراصل مانچسٹر یونائیٹڈ کے ناراض مداح تھے جو مطالبہ کر رہے تھے کہ امریکی مالکان سے ان کے پسندیدہ کلب کو واپس لیا جائے۔

یہ میچ برطانیہ کے تاریخی شہر اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جانا تھا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ اور لیورپول کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل تھیں۔ امید کی جا رہی تھی کہ دونوں ٹیموں کی جانب سے شائقین کیلئے بہترین کھیل پیش کیا جائے گا مگر احتجاج کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہو سکا اور منتظمین کو مجبوراً کھیل کو ہی منسوخ کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے مداح اپنی پسندیدہ ٹیم کے ساتھ بہت جذباتی وابستگی رکھتے ہیں، ان کی جانب سے عرصہ دراز سے یہ مطالبہ سامنے آتا رہا ہے کہ کلب کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ انھیں پوچھے بغیر نہیں کرنا چاہیے۔

خبریں ہیں کہ اس معاملے نے اس وقت شدت اختیار کی جب گزشتہ ماہ کلب مالکان نے متنازع یورپین سپر لیگ میں کلب کو شامل کرنے کی ناکام کوشش کی تھی۔ مداحوں کے احتجاج کے باعث مانچسٹر یونائیٹڈ اور لیورپول کی ٹیمیں اسٹیڈیم نہیں پہنچ سکیں جس کے باعث منتظمین نے یہ میچ ملتوی کر دیا۔

بعد ازاں مانچسٹر یونائیٹڈ نے اپنے بیان میں میچ منسوخ ہونے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ اقدام عوام اور کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے اٹھایا گیا تھا۔

 

Advertisement