پاکستان فٹبال فیڈریشن تنازع، حکومت معاملےکو احسن انداز میں حل کرنے کیلئے متحرک

Published On 18 April,2021 08:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت پاکستان فٹبال فیڈریشن کے تنازع کو احسن انداز میں حل کرنے کیلئے متحرک ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کی جانب سے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں

ذرائع کے مطابق انجنئیر اشفاق گروپ کے سربراہ سید اشفاق حسین نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا سے اس سلسلے میں ملاقات کی جس میں پاکستان کی فیفا رکنیت معطل ہونے کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

سید اشفاق حسین نے وفاقی وزیر کو نارملائزیشن کمیٹی کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے فیفا ہاؤس کی واپسی کو نارملائزیشن کمیٹی کی ازسرنو تشکیل اور پی ایف ایف انتخابات کے روڈ میپ سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نارملائزیشن کمیٹی کو پی ایف ایف کے شفاف انتخابات کروانے کے لیے چارج دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق سید اشفاق حسین کا موقف تھا کہ 18 ماہ میں نارملائزیشن کمیٹی نے انتخابات کی جانب عملی قدم نہیں اٹھایا۔ ہارون ملک کی قیادت میں نارملائزیشن کمیٹی جانبدار ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نارملائزیشن کمیٹی میں تمام سٹیک ہولڈرز گروپس کی برابر نمائندگی ہونا چاہیے۔ نارملائزیشن کمیٹی الیکشن کا روڈ میپ دے تو فیفا ہاؤس کا چارج واپس کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نارملائزیشن کمیٹی کا لانگ ٹرم پلان ناقابل قبول ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ ہارون ملک کینڈا سے واپسی پر وفاقی وزیر سے ملاقات کریں گے۔

 

Advertisement