فٹبال فیڈریشن کے واقعہ سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، فہمیدہ مرزا

Published On 31 March,2021 06:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ فٹبال فیڈریشن کے واقعہ سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، ہم چاہتے ہیں فیفا نارملائیزیشن کمیٹی کو پورا وقت دیا جائے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ذاتی مفادات کی وجہ سے اسپورٹس کو نقصان ہو رہا ہے، نارملائزیشن کمیٹی کا مینڈیٹ جون تک ہے، ہم نہیں چاہتے کہ فٹبال کا کھیل پاکستان میں متاثر ہو، نارملائزیشن کمیٹی فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات کرائے۔

فہمیدہ مرزا نے کہا کہ نئے ڈی جی کو میرٹ پر لایا گیا ہے، میں کسی قسم کے پریشر میں نہیں آؤنگی، چاہتی ہوں جب میری وزارت ختم ہو تو ایک ٹرانسپریٹ نظام دے کر جاؤں، ماضی میں جانے کے بجائے آگے جانا چاہتی ہوں، عدالت اور میڈیا ہمارے ہاتھ مضبوط کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا جاتا ہے کہ فیڈریشن کے معاملات میں دخل اندازی نہ کی جائے، ہم اپنے ذاتی مفادات میں آکر ملک کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے بچوں پر کسی طرح کی پابندی آئے۔

انہوں نے بتایا کہ فیفا کو خط لکھا ہے کہ وہ شفاف طریقے سے اس پر کام کرے، فٹبال وہ کھیل ہے جس پر انفراسٹرکچر کی ضرورت نہیں ہوتی، جو بھی مینڈیٹ ملا ہے اس کو حکومت تسلیم کرتی ہے، فیفا کی انتظامیہ سے درخواست ہے کہ ہمیں وقت دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی عائد کرنے کی دھمکی دیدی

خیال رہے کہ کھیلوں کے بین الاقوامی ادارے فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو الٹی میٹم دیا ہے کہ اگر لاہور آفس سے غیر قانونی قبضہ نہ کیا گیا تو اسے بین کر دیا جائے گا۔

فیفا کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی کیساتھ ہونے والے سلوک پر پرزور مذمت کرتے ہیں۔ معاملے کو بیورو آف کونسل میں اٹھایا جائے گا اور اس پر مستقبل میں فیصلہ کیا جائے گا۔

فٹبال کے عالمی ادارے نے کہا ہے کہ 27 مارچ کو اشفاق حسین گروپ نے فٹبال ہاؤس کو اپنے قبضے میں کرتے ہوئے نارملائزیشن کمیٹی کو کام کرنے سے روک دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر دفتر پر قبضہ ختم نہ کیا گیا تو پاکستان فٹبال فیڈریشن پر 5 سال تک پابندی لگ سکتی ہے۔
 

Advertisement