اندرونی تنازعات، فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی

Published On 07 April,2021 01:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اندرونی تنازعات پر فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی، اختیارات کی جنگ سے کھیل کونقصان پہنچا۔ پی ایف ایف ہیڈکوارٹر پر قبضہ معطلی کی بڑی وجہ بنا۔

پاکستان میں فٹبال کے ساتھ کھیلواڑ، فٹبال ہاؤس پر قبضے کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی۔ کرسی کی جنگ سے کھیل کو شدید نقصان پہنچا۔ فیفا حکام نے اپنے تحریری فیصلے میں دو ٹوک لکھا کہ فیفا کی بنائی ہوئی ہارون ملک کی سربراہی میں نارملائزیشن کمیٹی کو تمام اختیارات و انتظامات واپس کیے جائیں، ورنہ پاکستان کی رکنیت معطل رہے گی۔

قبل ازیں فیفا کے جاری کردہ اعلامیے میں فٹبال ہاؤس پر قبضے کی مذمت کرتے ہوئے نارملائزیشن کمیٹی کیساتھ ہونے والے سلوک پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا جبکہ قبضہ ختم نہ کرنے کی صورت میں پاکستان فٹبال فیڈریشن پر 5 سال تک پابندی کی وارننگ دی گئی تھی۔
 

Advertisement