یورپین سپر لیگ کے غبارے سے ہوا نکلنے لگی، متعدد کلبوں نے گڈ بائے کہہ دیا

Published On 21 April,2021 05:57 pm

لندن: (دنیا نیوز) فٹبال کی باغی لیگ سے کلبز نے نکلنے میں بھی تیزی پکڑ لی، بڑی چھ انگلش ٹیموں کے بعد روایتی حریف انٹر میلان، اے سی میلان سمیت سپین کی اٹلیٹکو میڈرڈ نے بھی متنازعہ لیگ کو گُڈ بائے کہہ دیام حکام نے آئیڈیا فلاپ ہونے کی حقیقت کو مان لیا۔

دنیا کے ہردلعزیز کھیل فٹبال میں باغی لیگ ’’یورپئین سپر لیگ‘‘ کے غبارے سے ہوا نکلنے لگ گئی ہے، انگلش کلبز کے بعد اطالوی اور سپینش ٹیموں نے بھی نام واپس لے لیے۔

انگلش کلب مانچسٹر سٹی، مانچسٹر یونائیٹڈ، چیلسی، لیورپول، آرسنل اور ٹوٹنہم کے بعد اے سی میلان، انٹرمیلان کے علاوہ سپینش کلب اٹلیٹکو میڈرڈ نے بھی متنازعہ لیگ میں نمائندگی سے معذرت کر لی ہے۔

صرف اتنا نہیں بلکہ مانچسٹر یونائٹیڈ کے وائس چیئرمین وُڈورڈ عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ نامور کلبز کی واپسی پر باغی لیگ کو کامیاب کرانے کا خواب دیکھنے والے چیئرمین یوونٹس کلب اندریا انجلی سمیت حکام نے اپنی ناکامی تسلیم کر لی۔

اس سے پہلے فٹبال تنظیموں فیفا، یوئیفا اور انگلش پریمیئر نے قانونی جنگ چھیڑنے اور کلبز کو نمائندگی سے محروم کرنے کی دھمکی دی تھی۔

 

Advertisement