ناران میں سائیکل ریس کا انعقاد،ملک بھر سے 60 سائیکلسٹس نے حصہ لیا

Published On 29 June,2021 12:19 pm

پشاور: (دنیا نیوز) سیاحتی مقام ناران میں سائیکل ریس کا انعقاد کیا گیا، ملک بھر سے 60 سائیکلسٹس نے حصہ لیا، دشوار گزار راستوں پر کھلاڑیوں نے خوب مہارت کا مظاہرہ کیا، موسیقی کے تڑکے نے ریس کا لطف دوبالا کر دیا۔

خیبر پختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن اور ایڈونچر ٹرپس اینڈ ٹورز کی جانب صوبے کے خوبصورت سیاحتی مقام ناران میں سائیکل ریس کا انعقاد کیا گیا، سرسبز پہاڑوں اور بہتے دریائوں کے درمیان دشوار گزار راستوں پر جہاں پیدل چلنا مشکل ہوتا ہے تو وہیں ان راستوں پر سائیکلنگ کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں لیکن ملک بھر سے آئے کھلاڑیوں نے ایسے جوہر دکھائے کہ دیکھنے والے بھی حیران ہو گئے، خواتین کھلاڑیوں کا جذبہ دیدنی رہا۔

انتظامیہ کے مطابق ریس میں ملک بھر سے 60 مرد و خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا، حکام کے مطابق سائیکلنگ ریس کا مقصد جہاں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کو فروغ دینا ہے تو وہیں سیاحتی مقامات پر صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

اختتامی تقریب میں موسیقی نے کھلاڑیوں سمیت سیاحوں کو جھومنے پر مجبور کردیا۔ سائیکلنگ ریس کے اختتام پر جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات اور نقد رقم تقسیم کی گئی۔
 

Advertisement