انگلینڈ سیریز کی تیاریاں تیز، شاہینوں کی آج پھر ڈربی میں ٹریننگ شیڈول

Published On 29 June,2021 11:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) انگلینڈ سیریز کی تیاریاں تیز ہو گئیں، قومی شاہینوں کی آج پھر ڈربی میں ٹریننگ شیڈول ہے، کھلاڑی بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور فزیکل فٹنس پر توجہ دیں گے، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان میزبان انگلش ٹیم کے خلاف فتح کے لیے پرجوش ہیں، کہا کہ پی ایس ایل کھیلنے سے بہت فائدہ ہوا، سب کا مورال ہائی ہے۔

مشن انگلینڈ کیلئے قومی شاہینوں کے ڈربی میں ڈیرے، آئسولیشن کے بعد بھرپور ٹریننگ شروع ہو گئی۔ کھلاڑی بیٹنگ، بولنگ ، فیلڈنگ اور فزیکل مشقوں میں اِن ایکشن ہیں۔ مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ سپر لیگ میں شرکت سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند، جیت کے لیے پرجوش ہیں۔

گذشتہ روز بارش کے باعث اِنڈور پریکٹس ہوئی، انگلش کنڈیشنز سے واقفیت کے لیے خصوصی ایکسرسائز کی گئیں، ون ڈے سیریز سے پہلے 2 وارم اپ میچز سے بہت فائدہ ہو گا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ون ڈے اور تین ہی ٹی 20 میچز کی سیریز 8 جولائی سے کارڈیف میں شروع ہو گی۔