دوسرا ٹیسٹ: پاکستان نے زمبابوے کو اننگز اور 147 رنز سے شکست دیدی

Published On 10 May,2021 12:50 pm

ہرارے: (ویب ڈیسک) پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 147 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔ اوپنر بلے باز عابد علی 215 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ جبکہ حسن علی پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔

فالو آن کا شکار زمبابوے کی ٹیم دوسری اننگز میں 231 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے چکابوا 80 اور برینڈن ٹیلر 49 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور نعمان علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے 5، 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

پاکستان کے 510 کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں بھی حسن علی کی شاندار باؤلنگ کے آگے زیادہ دیر وکٹ پر کھڑی نہ رہ سکی اور پوری ٹیم 132 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ حسن علی نے 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے عابد علی کی ڈبل سنچری اور اظہر علی کی سنچری کی بدولت اپنی اننگز 510 رنز پر ڈکلیئر کی۔ اوپنر عابد علی نے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری سکور کی وہ ہرارے میں ڈبل سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے۔ نعمان علی 97، محمد رضوان 21 اور ساجد خان 20 رنز بناکر نمایاں رہے۔

 

Advertisement