ہرارے: (روزنامہ دنیا) زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میں اپ سیٹ شکست پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے مڈل آرڈر کی مسلسل ناکامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مڈل آرڈر تسلسل سے مشکلات کا شکار ہے۔
میچ کے بعد بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی لیکن پورا کریڈٹ زمبابوے کو جاتا ہے کہ وہ عمدگی سے میچ میں واپس آئے۔ بابر اعظم نے کہا کہ وکٹ پہلے جیسا ہی تھا اس میں کوئی خامی نہیں تھی البتہ پیس زیادہ تھا لیکن یہ کوئی بہانہ نہیں ہے ہم اچھا نہیں کھیل سکے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم پروفیشنل ٹیم ہیں اور کھلاڑیوں کو اپنے آپ کو تیار کرنا ہوگا ورلڈکپ قریب ہے ہمیں خود کو مضبوط کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم کے بلے بازوں نے انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا، زمبابوے کے خلاف قومی ٹیم کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرتی رہیں۔