ہرارے :(روزنامہ دنیا)زمبابوے کیخلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں کامیابی کے بعد قومی کپتان بابر اعظم غیر مطمئن دکھائی دیئے جن کا کہنا تھا کہ بیٹسمین پرفارم نہیں کر رہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کوشش یہی ہوگی کہ دوسرے میچ میں اس خامی کو دور کیا جائے ۔انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر محمد رضوان کے ساتھ ایک شراکت بہتر ہو جاتی تو اسکور کہیں مستحکم ہو سکتا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ باؤنسی وکٹوں کے بعد جب ایسی وکٹوں پر کھیلنے کا موقع ملے تو ہم آہنگی مشکل ہو جاتی ہے لیکن اس مسئلے کو حل کیا جائے گا۔
لیگ اسپنر عثمان قادر کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے میچ جیت گئے ورنہ مقابلہ کافی سخت تھا کیونکہ پاکستان کا اسکور بہت کم تھا لیکن مشکل وکٹ پر بیٹسمینوں اور بالرز کیلئے یکساں مدد موجود تھی۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی اوور میں بارہ رنز پڑنے کے بعد کپتان کی ہدایت پر لائن اور لینتھ کو بہتر کیا جس کے باعث کامیابی ملی۔عثمان قادر کا کہنا تھا کہ ٹیم کو اپنی بالنگ پر بھروسہ تھا اور جس انداز سے حارث رؤف،محمد حسنین اور فہیم اشرف بالنگ کر رہے ہیں اس کے بعد اعتماد تھا کہ ہدف کا دفاع کر لیں گے ۔