پنجاب میں ڈینگی مریضوں کی تعداد میں اضافہ، شہریوں کو ماحول صاف رکھنے کی تلقین

Published On 29 June,2021 11:01 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا، شہریوں کو اپنے اردگرد کا ماحول صاف رکھنے کی تلقین کر دی گئی۔

2011 کے بعد سے ڈینگی کے خطرے نے کچھ قدم جمائے ہیں کہ ہر سال بارشوں کا موسم آتے ہی اِس کے خطرات سروں پر منڈلانے لگتے ہیں۔ اب کے بھی بارشوں کا موسم شروع ہونے سے پہلے پنجاب میں ڈینگی کے خدشات نے سر اُٹھانا شروع کردیا ہے جہاں رواں سال کے دوران ڈینگی کے 53 مریض سامنے آچکے ہیں۔

اِس وبا نے اپنے آغاز پر تو سینکڑوں جانیں نگل لی تھیں لیکن اُس کے بعد حکومت اور شہریوں کی ان تھک کوششوں کے باعث اِس کا زوربڑی حد تک توڑ دیا گیا تھا تاہم یہ خطرہ مکمل طور پر ٹلا نہیں۔ کورونا کی موجودگی میں یہ مزید ضروری ہوجاتا ہے کہ ڈینگی کو سر اُٹھانے کا موقع نہ دیا جائے۔