اولمپک فٹبال پر برازیل کی حکمرانی برقرار، فرانس والی بال اور ہینڈبال کا چیمپئن

Published On 08 August,2021 02:10 pm

ٹوکیو:(روزنامہ دنیا) برازیل نے سپین کو ہرا کر اولمپک فٹبال کی حکمرانی کا تاج پھر سر پر سجا لیا، فرانس والی بال اور ہینڈبال کا چیمپئن بن گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اولمپک گیمز کے پندرہویں روز فٹ بال کے فائنل میں سپین کیخلاف دو،ایک سے کامیابی کی بدولت برازیل نے اپنی حکمرانی برقرار رکھی جب متبادل کھلاڑی میلکم کا ایکسٹرا ٹائم کے دوران 108 ویں منٹ میں گول فتح گر ثابت ہوا اور برازیل نے لگاتار دوسرا طلائی تمغہ یقینی بنا لیا جس نے ریو اولمپکس میں بھی گولڈ میڈل جیتا تھا۔مقررہ وقت کے دوران برازیل کی جانب سے کنہا اور سپین کی جانب سے اویارزبال نے گول سکور کئے البتہ ایکسٹرا ٹائم کے پہلے ہاف تک ایک،ایک سے میچ برابر رہا تھا۔

گزشتہ روز آرٹسٹک سوئمنگ کے ٹیم فری روٹین مقابلوں کا طلائی تمغہ روسی اولمپک کمیٹی کے نام رہا جبکہ ایتھلیٹکس کے ویمنز میراتھن فائنل میں کینیا کی پیریس جیپچیر چیر اور ویمنز ہائی جمپ فائنل میں روسی اولمپک کمیٹی کی ماریہ لیسٹس کینے گولڈ میڈل پر قابض ہو گئیں۔

مینز جیولن تھرو ایونٹ میں بھارت کے نیرج چوپڑا نے ایتھلیٹکس میں اپنے ملک کو اولین تمغے کا مالک بنا دیا جو بھارت کیلئے ابھیناو بندرا کے بعد دوسرا انفرادی گولڈ میڈل بھی ہے ۔ ویمنز دس ہزار میٹرز ریس میں سیفان حسن نے ہالینڈ کیلئے دوسرا گولڈ اور رواں اولمپکس میں تیسرا میڈل جیتا اور مینز پندرہ سو میٹرز دوڑ میں ناروے کے جیکب انگی برائٹسن نئے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ طلائی تمغہ جیتے۔

بیس بال میں جاپان نے امریکا کو دو،صفر سے اپ سیٹ شکست دے کر پہلی مرتبہ طلائی تمغہ جیتا جبکہ مینز باسکٹ بال میں امریکا نے لگاتار چوتھے گولڈ میڈل پر قبضہ یقینی بنایا اور بیچ والی بال کا گولڈ میڈل ناروے کے نام رہا۔باکسنگ کے مینز فلائی ویٹ اڑتالیس سے باون کلوگرام میں برطانیہ کے یفائی گلال گولڈ میڈل جیتے جبکہ ویمنز فلائی ویٹ اڑتالیس سے اکیاون کلوگرام میں سٹوئیکا کراسٹیوا بلغاریہ کیلئے گولڈ میڈل جیتنے والی اولین باکسر بن گئیں جبکہ ترکی کی بوسیناز سرمینلی نے یہی کارنامہ ویمنز ویلٹرویٹ چونسٹھ سے انہتر کلوگرام کیٹیگری میں انجام دیا اور مینز مڈل ویٹ انہتر سے پچھتر کلوگرام میں برازیل کے ہربرٹ سوسا نے طلائی تمغہ جیت لیا۔

سائیکلنگ ٹریک کا مینز میڈیسن گولڈ میڈل ڈنمارک نے جیتا جبکہ ڈائیونگ کے مینز دس میٹرز پلیٹ فارم فائنل میں چین کے کاؤ یوآن گولڈ میڈل جیت کر تین مختلف کیٹیگریز میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ڈائیور بن گئے ۔گھڑ سواری کے جمپنگ ٹیم فائنل جمپ آف میں سویڈن نے گولڈ میڈل یقینی بنایا اور گالف کے ویمنز انفرادی سٹروک پلے راؤنڈ فور میں امریکا کی نیلی کورڈا طلائی تمغہ جیت گئیں۔

ہینڈ بال میں فرانس نے ڈنمارک کو 25-23سے مات دے کر ریکارڈ تیسری مرتبہ طلائی تمغہ جیتا تو کراٹے کے مینز کومائیٹ پچھتر پلس کے جی گولڈ میڈل پر ایران کے گنجزادے سجاد نے قبضہ کرلیا اور ویمنز کومائیٹ اکسٹھ کلوگرام ایونٹ میں فریال عبدالعزیز اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والی اولین مصری خاتون بن گئیں۔
مینز والی بال کے فائنل میں فرانس نے روسی اولمپک کمیٹی کو تین،دو سے مات دے کر پہلی مرتبہ گولڈ میڈل جیتا جبکہ مینز واٹر پولو فائنل میں امریکا نے سپین کو15-4 سے ہرا کر لگاتار تیسرا گولڈ میڈل جیت کر نئی تاریخ رقم کردی۔ریسلنگ کے ویمنز فری سٹائل پچاس کے جی میں چین کی سوساکی یوئی نے اپنے ملک کو ریسلنگ میں چوتھا طلائی تمغہ دلایا جبکہ مینز پینسٹھ کلوگرام فری سٹائل میں جاپان کے تاکوتو اوتوگرو اور مینز ستانوے کلوگرام فری سٹائل میں روسی اولمپک کمیٹی کے سادولیف عبدالرشید نے طلائی تمغے جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
 

Advertisement