ٹوکیو اولمپکس: قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے میڈل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا

Published On 04 August,2021 08:21 am

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) ٹوکیواولمپکس میں نیزہ پھینکنے کے مقابلے میں قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے میڈل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ ارشد ندیم دوسری بار میں 85.16 میٹر تک نیزہ پھینکنے میں کامیاب ہوئے۔ جیولن تھرو کے فائنل مقابلے سات اگست کو ہوں گے۔

کوالیفائنگ مقابلوں میں ارشد ندیم نے 85.16 میٹر دور جیولن پھینک کر گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ارشد ندیم اولمپکس کی تاریخ میں پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں جنھوں نے کسی  انویٹیشن کوٹے  یا وائلڈ کارڈ کے بجائے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا ہے۔

یاد رہے ارشد ندیم نے 2019 میں نیپال کے شہر کٹھمنڈو میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز میں 86 اعشاریہ 29 میٹرز دور نیزہ پھینک کر نہ صرف ساؤتھ ایشین گیمز کا نیا ریکارڈ قائم کیا تھا بلکہ اس کارکردگی کے بل پر وہ براہ راست ٹوکیو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے تھے۔

 

Advertisement