سڈنی: (دنیا نیوز) نوواک جوکووچ نے آسٹریلین عدالت میں کیس جیت لیا، حکومت کو ٹینس سٹار کا ویزہ بحال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
آسٹریلین عدالت نے سربیا سے تعلق رکھنے والے ٹینس سٹار کو آسٹریلیا میں داخل ہونے کی اجازت دیدی، جج انتھونی کیلی نے اپنے فیصلے میں نوواک کو آدھے گھنٹے میں حراستی مرکز سے رہا کرنے اور پاسپورٹ لوٹانے کا حکم سنایا۔ عدالتی حکم کے بعد آسٹریلوی حکام نے ٹینس سٹار کو فوری رہائی دیدی۔
دوسری جانب آسٹریلوی حکومت عدالت کے حکم کے باوجود تاحال اپنے موقف پر ڈٹی ہوئی ہے، حکام کے مطابق کسی غیر ملکی کو ویکسین سے استثنی کی بنیاد پر آسٹریلیا میں داخل ہونے کا حق حاصل نہیں، حکومت اب بھی نوواک جوکووچ کو دوبارہ حراست میں لینے اور آسٹریلیا سے بے دخل کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
نوواک کو عدالتی فیصلے سے آسٹریلین سرزمین پر بڑا ریلیف ملا ہے، اگر حکومت مزید کوئی ایکشن نہیں لیتی تو سربین ٹینس سٹار 21 واں گرینڈ سلام ٹائٹل کھیلنے کے اہل ہو جائیں گے۔