سڈنی: (دنیا نیوز) نوواک جوکووچ آسٹریلین اوپن سے باہر ہو گئے، عدالت نے ویزہ منسوخی کے خلاف سربین ٹینس سٹار کی اپیل مسترد کر دی۔
کورونا ویکسین سے استثنیٰ کے معاملے پر آسٹریلیا داخلے کی اجازت نہ ملنے کے اقدام کو نوواک جوکووچ نے عدالت میں چیلنج کیا تھا، آسٹریلین فیڈرل کورٹ نے سربین کھلاڑی کی اپیل مسترد کر دی، مقامی میڈیا کے مطابق اپیل مسترد ہونے پر انہیں ڈی پورٹ کر دیا جائے گا، ملک بدری تک وہ زیر حراست رہیں گے۔
آسٹریلین حکومت کے احکامات پر نوواک جوکووچ کو دوسری مرتبہ حراست میں لیا گیا تھا، ان اقدامات پر سربین حکومت کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ واضح رہے کہ سربین کھلاڑی کورونا ویکسین لگوائے بغیر آسٹریلیا پہنچے تھے جس پر آسٹریلین بارڈر حکام نے انہیں ملک میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
تجزیہ کار جوکووچ کی جانب سے آسٹریلین اوپن کھیلنے پر 21 فتوحات کا نیا ریکارڈ بنانے کا امکان ظاہر کر رہے تھے، اپنے ہم پلہ ٹینس سٹارز نڈال اور راجر فیڈرر پر برتری حاصل کرنے سے سربین کھلاڑی صرف ایک ٹورنامنٹ میں فتح کی دوری پر ہیں۔