لاہور:(دنیا نیوز) نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کا فائنل متنازع ہوگیا مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے اطلاعات ٹرافی تقسیم کئے بغیر واپس چلے گئے جبکہ انتظامیہ نے دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دے دیا۔
لاہور میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کا فائنل میچ پاکستان واپڈا اور پاکستان ایئر فورس کے مابین کھیلا گیا ۔
پوائنٹس تنازع پر دونوں ٹیموں نے میچ کھیلنے سے انکار کردیا ، انتظامیہ نے واپڈا کو چیمپئن قرار دے دیا، واپڈا اور پی اے ایف کے پوائنٹس 46، 46 سے برابر رہے، جیوری نے واپڈا کو فائنل ریڈ دینے کا اعلان کیا تو پی اے ایف نے ماننے سے انکار کیا۔
پاکستان ائیرفورس نے اس فیصلے پر بائیکاٹ کیا اور آخری لمحات میں گراؤنڈ میں آنے سے انکار کردیا۔ کبڈی چیمپئن شپ کا فائنل متنازع ہونے پر مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے اطلاعات ٹرافی تقسیم کئے بغیر واپس چلے گئے۔
بعدازاں پاکستان کبڈی فیڈریشن نے کچھ دیربعد ہی اپنا فیصلہ تبدیل کرلیا اور42 ویں قومی کبڈی چیمپئن شپ کا فاتح دونوں ٹیموں کو مشترکہ قرار دے دیا ۔
ٹرافی 6 ماہ پاکستان واپڈا کے پاس رہے گی اور 6 ماہ پاکستان ائیر فورس کے پاس رہے گی۔