لاہور:(ویب ڈیسک) آسٹریلیا سے ڈی پورٹ ہوکر اپنے وطن سربیا پہنچنے والے عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار نوواک جوکووچ کی فرنچ اوپن میں بھی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز نوواک جوکووچ کو 10 روز سے جاری ویزہ کے حصول کی جنگ میں ناکامی کے بعد آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کردیا گیا تھا۔
سربین ٹینس سٹار گزشتہ روز آسٹریلیا سے بذریعہ دبئی اپنے ملک کیلئے روانہ ہوئے تھے اور اب وہ سربیا پہنچ چکے ہیں۔
فرنچ اوپن مقابلے رواں سال مئی میں ہوں گے اور حال ہی میں فرانسیسی حکومت نے 16 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے عوامی مقامات اور گراؤنڈ میں داخلے کیلئے کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ کی شرط عائد کی ہے۔
فرانسیسی وزارت کھیل کے مطابق حالیہ ویکسین سرٹیفکیٹ قانون میں کسی کو چھوٹ نہیں دی جائے گی اور اس کا اطلاق پروفیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ تماشائیوں پر بھی ہوگا۔
تاہم ترجمان کا کہنا ہے کہ مئی میں ٹورنامنٹ سے قبل صورتحال بدل بھی سکتی ہے۔
خیال رہے کہ جوکووچ بغیرکورونا ویکسین کے ٹینس آسٹریلیا کی جانب سے ملے طبی استثنیٰ پر آسٹریلیا پہنچے تھے۔ جوکووچ نے آسٹریلیا کے امیگریشن حکام کی جانب سے اپنا ویزا دوسری مرتبہ منسوخ کیے جانےکے خلاف فیڈرل کورٹ میں اپیل کی تھی جو مستردکردی گئی اور جس کے بعد انہیں ڈی پورٹ کیا گیا۔