مانچسٹر:(دنیا نیوز) کیل بروک سے شکست پر پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان نے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دے دیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامرخان کیرئیر کی اہم فائٹ ہار گئے، برطانوی حریف کیل بروک نےعامر خان کو ناک آؤٹ کیا۔
مانچسٹر ایرینا میں کھیلی گئی فائٹ میں عامر خان کے برطانوی حریف رنگ میں چھائے رہے، کیل بروک نے فائٹ کے دوران عامر خان پر تابڑ توڑے حملے کیے۔
ریفری نے چھٹے راؤنڈ میں باؤٹ کو روک دیا، 12راؤنڈ ز پر مشتمل فائٹ چھٹے راؤنڈ میں ختم ہو گئی، عامر خان کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
شکست کے بعد عامر خان نے کہا کہ بروک نے شاندار فائٹ کی، ہارنے پر افسوس ہے، اپنے خاندان کو وقت دینا چاہتا ہوں، اہلیہ سمیت اہل خانہ سے مشورہ کر کے ریٹائرمنٹ بارے فیصلہ کروں گا۔
واضح رہے کہ باکسرعامرخان اب تک 39 مقابلوں میں سے 34 جیت چکے ہیں جبکہ 21 مرتبہ انہوں نے حریف کھلاڑیوں کو ناک آؤٹ کیا ہے۔