دورہ یورپ پر پاکستان ہاکی ٹیم کی مہم کا کامیاب آغاز

Published On 27 April,2022 09:58 am

لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ یورپ پر پاکستان ہاکی ٹیم نے اپنی مہم کا آغاز کامیابی کے ساتھ کیا اور نیدر لینڈز کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرادیا۔ رضوان نے ہیٹرک سکور کی۔

دورہ یورپ پر پاکستان ہاکی ٹیم نے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو شکست دے دی ،کھیل کے آغاز میں پاکستان کے اعجاز نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی لیکن نیدرلینڈز نے لگاتار دو گول کرکے ایک گول کی برتری حاصل کرلی تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں پاکستان ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے نہ صرف برتری حاصل کی بلکہ میچ پانچ کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے رضوان نے تین مبشر اور اعجاز نے ایک ایک گول کیا۔

قومی ہاکی ٹیم کے ہمراہ منیجر اولمپیئن خواجہ جنید ،ہیڈ کوچ سیگفرائیڈایکمین،معاون کوچ وسیم احمد،ڈریک فلیکر کوچ رچرڈ سنیچر اور گول کیپر کوچ باب جان ویلڈیف بھی موجود ہیں،پاکستان دورہ یورپ کا دوسرا میچ آج نیدرلینڈز کے خلاف بریڈا میں کھیلے گا۔دوسری طرف ایشیا کپ 2022 کا شیڈول جاری ہوگیا۔ایشیا کپ کا آغاز 23 مئی سے انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں ہوگا۔پاکستان اپنا پہلا میچ 23 مئی کو روایتی حریف بھارت کے ساتھ کھیلے گا۔ہیرو ایشیا کپ 23 مئی تا یکم جون انڈونیشیا میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کی ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا۔پول اے میں انڈیا، جاپان، پاکستان،انڈونیشیا جبکہ پول بی میں ملائشیا،کوریا،عمان اور بنگلا دیش شامل ہیں۔پاکستان اپنا پہلا میچ 23 مئی کو روایتی حریف بھارت کے ساتھ کھیلے گا۔پاکستان اپنا دوسرا میچ 24 مئی کو انڈونیشیا کیساتھ جبکہ تیسرا میچ 26 مئی کو جاپان کیساتھ کھیلے گا۔
 

Advertisement