نیو یارک : (دنیا نیوز) روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو ٹینس کے سب سے مقبول ٹورنامنٹ میں سے ایک یو ایس اوپن میں حصہ لینے کی مشروط اجازت دی جائے گی۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یو ایس ٹینس ایسوسی ایشن (یو ایس ٹی اے) نے اعلان کیا ہے کہ روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو 2022 کے یو ایس اوپن اپنے قومی پرچم کے ساتھ شرکت کی اجازت نہیں تاہم انہیں اپنی ٹیم یا بورڈ کے جھنڈے کے ساتھ ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔
یو ایس ٹینس ایسوسی ایشن کے سی ای او اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیو شیر نے کہا کہ یو ایس ٹی اے بورڈ کی جانب سے روسی اور بیلاروسی کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے کی اجازت کا فیصلہ اس شرط پر کیا گیا ہے کہ وہ اپنے قومی پرچم کے علاوہ کسی اور نیوٹرل جھنڈے کے ساتھ ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے۔
واضح رہے کہ جب سے روس نے فروری میں یوکرین پر اپنے حملے شروع کیے ہیں، روسی ایتھلیٹس کو فٹ بال ورلڈ کپ کوالیفائنگ کے پلے آف سمیت کئی کھیلوں میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔
اس سے قبل روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کو بنیاد بناکر روسی اور بیلاروسی ٹینس کھلاڑیوں پر گرینڈ سلم ٹورنامنٹ ومبلڈن کے دروازے بند کردیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ یو ایس اوپن 29 اگست سے امریکی شہر نیویارک میں شروع ہوگا۔