کیسپررڈ اور کیرون خچانوف یو ایس اوپن ٹینس مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے

Published On 07 September,2022 12:57 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) ناروے کے ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کے ففتھ سیڈڈ کیسپر رڈ اطالوی ٹینس کھلاڑی میٹیو بریٹینی کو ہرا کر اور روسی ٹینس سٹار کیرون خچانوف آسٹریلوی حریف کھلاڑی نک کرگیوس کو مات دے کر یو ایس اوپن ٹینس مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔

آسٹریلوی نک کرگیوس میگا ایونٹ کے مینز ڈبلز پری کوارٹر فائنل کے بعد مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں، سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک کے آرتھر ایشے سٹیڈیم میں جاری ہیں۔

مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں ناروے کے 26 سالہ کیسپر رڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف اطالوی کھلاڑی میٹیو بریٹینی کو 1-6، 4-6 اور 6-7(4-7) سے شکست دے کر نہ صرف میگا ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ سیمی فائنل رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔

ایک اور میچ میں روسی ٹینس سٹار کیرون خچانوف اور 27 سالہ آسٹریلوی کھلاڑی نک کرگیوس آمنے سامنے تھے جس میں کانٹے دار مقابلہ رہا ،تاہم روسی کھلاڑی نے سخت مقابلے کے بعد نک کرگیوس کو 5-7،6-4، 5-7، 7-6(7-3) اور 4-6سے ہرا کر میگا ایونٹ کے ٹاپ فور رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔
 

Advertisement