بلغراد: (ویب ڈیسک) سربیا کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور 21 گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح نوویک جوکووچ کورونا ویکسی نیشن نہ کروانے کی وجہ سے رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگئے۔
35 سالہ عالمی نمبر چھ نوویک جوکووچ کورونا ویکسی نیشن نہ کروانے کے باعث اس سے قبل بھی کئی ایونٹس سے دستبردار ہوچکے ہیں۔
رواں سال کا چوتھا گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ پیر سے امریکا میں شروع ہو رہا ہے، سابق عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ کورونا وائرس کے خلاف ویکسین نہ کروانے کے باعث یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار نوویک جوکووچ رواں سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن سے بھی محروم رہے تھے، نوویک کو آسٹریلیا پہنچنے کے فوراً بعد ملک بدر کر دیا گیا تھا۔
نوویک جوکووچ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں ویکسی نیشن کروانے کا ارادہ نہیں رکھتا اور بہت افسوس کی بات ہے کہ میں اس بار یو ایس اوپن کے لیے نیویارک کا سفر نہیں کر پاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں یو ایس اوپن ٹینس میں شرکت کرنے والے اپنے تمام ساتھی کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہوں اور میں دوبارہ یو ایس اوپن میں کھیلنے کا منتظر رہوں گا۔
جوکووچ نے اپنے شائقین کو کہا کہ جلد ہی میں ٹینس کی کورٹس میں نظر آؤں گا، نوویک رواں سال جولائی میں انگلینڈ میں ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد سے نہیں کھیلے، ان کی میگا ایونٹ سے دستبردار کے بعد ان کو یو ایس اوپن کے ڈرا لسٹ میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔