لاہور: ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور ان کی بھارتی ٹینس سٹار اہلیہ ثانیہ مرزا کے مابین علیحدگی کی خبریں اس وقت زوروں پر ہیں اور اسی دوران کرکٹر کا ایک بیان بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ ان کی اہلیہ نے ان کو 'کالو' کہہ کر بلایا۔
رواں سال فروری میں کراچی میں ہونے والی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے انکشاف کیا کہ ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے ایک بار ان کے رنگ کو لیکر بات کی تھی جس کے بعد انہوں نے رنگ گورا کرنے والی کریموں کا استعمال شروع کر دیا تھا۔
تقریب کے دوران بات کرتے ہوئے تجربہ کار آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ وہ اہلیہ کے کمنٹس کے بعد اپنی شکل کے بارے میں زیادہ فکر مند ہوگئے۔
شعیب ملک نے کہا کہ جب ثانیہ نے یہ الفاظ کہے میں آئینے کے سامنے کھڑا ہوا اور محسوس کیا کہ وہ میرے اڑے ہوئے رنگ کے بارے میں ٹھیک کہہ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ثانیہ مرزا سے شادی کو ایک دہائی سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے جس کے دوران انہیں معلوم ہوا کہ ایک بیوی ہمیشہ اپنے شوہر میں کچھ خصوصیات تلاش کرتی ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ اپنی بیوی کو خوش کرنے کے لئے ایک آدمی کے سر پر بال ہونے چاہئیں اور رنگت میں خوبصورت ہونا چاہیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے مابین علیحدگی کی خبریں گردش کررہی ہیں جبکہ ان کے مشترکہ دوست نے بھی باضابطہ علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔