دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے 5 ویں میچ میں کروشیا نے جاپان کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ میچ کا فیصلہ اضافی وقت ختم ہونے کے بعد پنالٹیزککس پر ہوا۔
قطر کے الجنوب سٹیڈیم میں جاری ورلڈ کپ کے میچ میں آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا اور ایک دوسرے کو 40 منٹ تک کوئی گول نہیں کرنے دیا گیا۔ اس کے بعد جاپان نے اپنی پالیسی میں کچھ تبدیلی کی جو 43 ویں منٹ میں گول کی صورت میں کامیاب ہوتی ہوئی نظر آئی۔ ڈیزن مائڈا نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔
پہلا ہاف ختم ہونے کے بعد کروشیا نے بھی اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کی اور جارحانہ کھیلتے ہوئے میچ کے 55 ویں منٹ میں جوابی گول کر کے میچ ایک ایک سے برابر کر دیا۔ یہ گول آئیوین پرسیک نے کیا۔ اس کے بعد بارہا کوششوں کے باوجود دونوں میں سے کوئی بھی ٹیم کوئی گول نہ کر سکیں۔ دونوں ٹیموں کو اضافی وقت بھی دیا گیا جو کہ بے نتیجہ رہا۔
میچ کا اضافی وقت ختم ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کو 5، 5 پنالٹیزککس دی گئیں۔ جاپان کی جانب سے پہلی دو اور چوتھی پنالٹیز کک ناکام ہوئیں جس کے باعث میچ کا نتیجہ کروشیا کے حق میں چلا گیا۔ یوں کروشیا کی ٹیم ایک کے مقابلے میں 3 گول کر کے جیت کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر گئی۔