پیرس : (ویب ڈیسک ) فرانسیسی وزیر کھیل نے فٹبال ورلڈ کپ جیتنے والی ارجنٹائن کی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں غیر مہذب قرار دے دیا۔
فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق فرانس کی وزیر برائے کھیل امیلے اُودیا کاستیرا نے کہا کہ ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کی جانب سے فرانسیسی کھلاڑی کیلن مباپے کا مذاق اڑانا غیراخلاقی حرکت تھی۔
فرانسیسی وزیر کھیل نے کہا کہ ارجنٹائن کی ٹیم نے جیت کے بعد جو حرکتیں کیں وہ اس میچ کے وقار کے مطابق نہیں تھیں جو ہم نے دیکھا تھا۔
وزیر کھیل نے ارجنٹائن کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹینز کوبیونس آئرس میں ہونے والی جیت کی پریڈ میں فرانسیسی کھلاڑی مباپے کےاسٹکر والی گڑیا تھامنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایمیلیانو مارٹینز کا یہ عمل شرمناک تھا۔
فرانس کی جانب سے باقاعدہ طور پر ارجنٹائن کےگول کیپر مارٹینز کے رویے کیخلاف شکایت بھی درج کروائی گئی ہے ۔
علاوہ ازیں ایف ایف ایف نے فائنل کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے قومی کھلاڑیوں کنگزلے کومان، کولو ماونی اور اوریلین چومانی کے خلاف نسل پرستی سے بھرپور تبصرے لکھنے پر بھی شکایات درج کی ہیں۔
واضح رہے کہ ارجنٹائن نے قطر میں ہونے والے 22 ویں فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں پنلٹی ککس میں فرانس کو شکست سے دوچار کیا تھا ۔