ایڈلیڈ : (ویب ڈیسک ) عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ دوسال بعد آسٹریلین اوپن کھیلنے کیلئے ایڈیلیڈ پہنچ گئے ، ایئر پورٹ پرمداحوں کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا ۔
سربیا کے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ بالاخر آسٹریلین اوپن کھیلنے کے لیے آسٹریلیا پہنچ گئے ، ٹینس اسٹار کے استقبال کیلئے مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے نواک کی جھلک دیکھتے ہی نعرے لگانا شروع کردیے ۔
نوواک جوکووچ کو کوویڈ ویکسین نہ لگوانے کی وجہ سے آسٹریلین اوپن میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔
جوکووچ کو جنوری میں کوویڈ 19 ویکسینٹیڈ نہ ہونے کی وجہ سے حراست میں لے کر ملک سے واپس بھیج دیا گیا تھا، تاہم ان پر ویزے کے لیے عائد تین سال کی پابندی ختم کردی گئی اور وہ 2023 کے آسٹریلین اوپن میں حصہ لے رہےہیں ۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل ایک انٹرویو میں ٹینس سٹار جوکووچ نے کہا تھا کہ آسٹریلیا سے ملک بدری کا واقعہ ساری زندگی میرے ساتھ رہے گا۔
35 سالہ نوواک جوکووچ اس وقت رافیل نڈال کے 22 گرینڈ سلیم ریکارڈ سے صرف ایک ٹائٹل پیچھے ہیں ، سربین ٹینس اسٹار اتوار سے شروع ہونے والے ایڈیلیڈ انٹرنیشنل میں شرکت کریں گے جبکہ آسٹریلین اوپن 16 جنوری کو میلبورن میں شروع ہوگا۔