لاہور : ( ویب ڈیسک ) مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہا ہے کہ سپورٹس کی ترقی کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، تمام کھلاڑیوں کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔
مشیر کھیل پنجاب سے ملک کے نامور کھلاڑیوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی اور کھلاڑیوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ پنجاب میں موجود سپورٹس سہولیات کو جدیدخطوط پر استوار کیا جائے گا، کھلاڑی محنت اور جذبے سے سپورٹس میں حصہ لیں اور پاکستان کانام دنیا میں روشن کریں۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ٹریننگ، نیوٹریشن، کنڈیشننگ و دیگر جدید سہولیات دیں گے اور ان کی کوچنگ کے لئے ملکی و غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں سے ملاقات کا مقصد یہ تھا کہ کھلاڑی اپنے مسائل کھل کر بیان کریں، وہ خود بھی سپورٹس مین ہیں اس لئے کھلاڑیوں کے مسائل کو حل کرنے کا عزم کیا ہے۔